پی ٹی آئی میں اختلافات مزید نمایاں، مشعال یوسفزئی کے خلاف کارروائی کے لیے خط

image

پاکستان تحریک انصاف کے اندر مشعال یوسفزئی اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان جاری اختلافی بیانات اور تنقید کے بعد پارٹی میں اندرونی اختلافات کا معاملہ مزید نمایاں ہوگیا ہے۔

پنجاب بار کونسل کے 9 اراکین نے مشعال یوسفزئی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور انتظار حسین پنجوتھہ کو خط ارسال کردیا ہے۔

خط پر محمد فیصل ملک، عابد حفیظ ورک، چوہدری زبیر احمد، رانا ضمیر، چوہدری عمران چٹھہ، صہیب بھٹی، سردار نبی احمد، رانا حسیب احمد اور میاں یاسر صدیقی کے دستخط ہیں۔

دوسری جانب انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) نے سلمان اکرم راجہ سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے رقم وصول کرنے کے تاثر کی تردید کی ہے۔

آئی ایل ایف کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے ٹکٹوں کی تقسیم کے عوض کوئی رقم وصول نہیں کی، جبکہ فورم کے ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل انتظار حسین پنجوتھہ کی نگرانی میں مکمل ہوا، سلمان اکرم راجہ کی نگرانی میں نہیں۔

پی ٹی آئی کے اندر جاری اس معاملے میں ایک جانب مشعال یوسفزئی اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان اختلافی بیانات سامنے آرہے ہیں تو دوسری جانب ٹکٹوں کی تقسیم اور مبینہ مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق الزامات بھی پارٹی حلقوں میں زیر بحث ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US