گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم، کراچی بندرگاہ سے کارگو کی ترسیل شروع

image

کراچی کی بندرگاہوں پر 9 روز سے جاری گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد ٹرکس اور ٹریلرز دوبارہ سڑکوں پر روانہ ہوگئے ہیں۔

ہڑتال کے خاتمے سے ملک بھر میں درآمدی و برآمدی کارگو کی ترسیل کا عمل بحال ہوگیا ہے اور پورٹ کی جانب جانے والی شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔

وزارت مواصلات اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں حکومت نے ایکسل لوڈ، مینول اور ای چالان، گاڑیوں اور سامان کی ضبطگی سمیت نئے ٹرک اسٹینڈ کے لیے زمین کی فراہمی جیسے دیرینہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مذاکراتی عمل میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ہڑتال ختم ہونے پر جہاں ڈرائیورز برادری نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر کے کردار کو سراہا، وہیں بعض ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ 9 دن کی ہڑتال سے انہیں شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ہڑتال ختم کیے جانے کے سبب کراچی سمیت ملک بھر میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں ایک بار پھر معمول پر آنا شروع ہوگئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US