عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز نے 11 اگست 2026 کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک مختصر اور نجی سول تقریب میں شادی کرلی، جس کی پہلی تصویر بھی سامنے آگئی ہے۔
دنیا کے معروف جوڑوں میں شمار ہونے کے باوجود دونوں نے شادی کے لیے کسی بڑی تقریب یا شاندار تقریب کے بجائے سادگی کو ترجیح دی۔ تقریب میں ان کے پانچ بچے اور چند قریبی افراد شریک ہوئے، جبکہ خاندان نے اس خاص دن کو انتہائی نجی انداز میں منایا۔
شادی کے موقع پر جارجینا نے معروف فیشن برانڈ گوچی کا سفید سلک اسکرٹ سوٹ زیب تن کیا، جبکہ رونالڈو ہلکے خاکی رنگ کے سوٹ میں نظر آئے۔ بچوں کے لباس بھی ہلکے اور ایک دوسرے سے ہم آہنگ رنگوں میں رکھے گئے تھے۔
گوچی کا انتخاب اس جوڑے کے لیے خاص معنی رکھتا ہے، کیونکہ ان کی پہلی ملاقات 2016 میں میڈرڈ کے ایک گوچی اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا اس وقت سیلز اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔
جارجینا نے شادی کی سادگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں وہ محل، بڑی بارات اور طویل عروسی لباس والی شادی کا خواب دیکھا کرتی تھیں، لیکن وقت کے ساتھ ان کی ترجیحات بدل گئیں۔ اب وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ گھر میں ایک مختصر اور ذاتی تقریب کو زیادہ اہم سمجھتی ہیں۔
شادی کے ساتھ رونالڈو کے فٹبال مستقبل پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ 41 سالہ اسٹار نے اشارہ دیا ہے کہ سیزن 2026-27 ان کے کیریئر کا آخری سیزن ہوسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے ابھی ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا اور کہا ہے کہ وہ کھیل سے رخصت ہوتے وقت ایک مضبوط میراث چھوڑنا چاہتے ہیں۔