پنجاب حکومت نے جی پی فنڈ پر منافع کی نئی شرح مقرر کردی

image

پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے جنرل پراویڈنٹ (جی پی) فنڈ پر مالی سال 2025-26 کے لیے منافع کی شرح 12.05 فیصد مقرر کر دی۔

محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25 میں جی پی فنڈ پر منافع کی شرح 12.46 فیصد تھی، جس میں رواں مالی سال کے لیے 0.41 فیصد پوائنٹس کمی کی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ نے نئی شرح منافع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے خودمختار، نیم خودمختار اداروں اور تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

حکام کے مطابق جن سرکاری ملازمین پر متعلقہ فنڈ رولز کے تحت منافع کی الگ شرح لاگو ہوتی ہے، ان پر 12.05 فیصد کی نئی شرح کا اطلاق نہیں ہوگا۔

جی پی فنڈ سرکاری ملازمین کے لیے بچت کا ایک نظام ہے، جس کے تحت ہر ماہ ملازم کی تنخواہ سے مقررہ رقم کٹوتی کی جاتی ہے۔ یہ رقم ملازم کی ریٹائرمنٹ یا استعفیٰ کی صورت میں، جبکہ وفات کی صورت میں اس کے قانونی وارثوں کو منافع سمیت واپس کی جاتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US