پی ایچ ایف کے ڈویلپمنٹ پروگرام میں 881 اسکولز منظور، رجسٹریشن کی تاریخ میں 23 اگست تک توسیع

image

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملک گیر اسکول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 62 اضلاع کے 881 اسکولز پروگرام کے لیے منظور کیے گئے ہیں۔جبکہ رجسٹریشن کی تاریخ میں 23 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تمام اسکولوں میں دو سے تین ہفتے کے اندر مکمل ہاکی کٹس کی ترسیل مکمل کرلی جائے گی۔ اس حوالے سے پاکستان بھر کی صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور صوبائی اسپورٹس بورڈ کے نمائندے بھی اس عمل میں شامل رہیں گے۔

پی ایچ ایف کے مطابق منظور شدہ اسکولز میں 802 سرکاری جبکہ 79 نجی اسکولز شامل ہیں، یوں مجموعی اسکولز میں سرکاری شعبے کا حصہ 91 فیصد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب 620 اسکولز کے ساتھ سرفہرست ہے، سندھ میں 143 جبکہ خیبر پختونخوا میں 106 اسکولز شامل ہیں۔ بلوچستان کے 6، اسلام آباد کے 5 اور آزاد کشمیر کے ایک اسکول کو بھی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

ضلع وار تفصیلات میں کراچی 118 اسکولز کے ساتھ نمایاں ہے، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 115 اور راولپنڈی میں 94 اسکولز منظور کیے گئے ہیں۔ رحیم یار خان میں 68، بہاولپور میں 62، جھنگ میں 53، ساہیوال میں 36، مانسہرہ میں 34، چنیوٹ میں 33 اور فیصل آباد میں 32 اسکولز شامل ہیں۔

پی ایچ ایف کے مطابق کراچی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور راولپنڈی کے تین اضلاع میں مجموعی طور پر 327 اسکولز شامل ہیں، جو منظور شدہ اسکولز کی مجموعی تعداد کا 37.1 فیصد بنتے ہیں، جبکہ پانچ بڑے اضلاع میں 457 اسکولز شامل ہیں۔

پی ایچ ایف کے اسکول ہاکی پروگرام کا مقصد ملک میں ہاکی کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینا، اسکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کے لیے ایک مضبوط ٹیلنٹ پاتھ وے قائم کرنا ہے۔ یہ اقدام پی ایچ ایف کے ہاکی کی بحالی کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس میں اسکولز کو قومی ٹیلنٹ کی تیاری کا بنیادی مرکز بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

فیڈریشن کے مطابق آئندہ مرحلے میں اضلاع اور تحصیلوں کی حتمی میپنگ، اسکولز تک ہاکی سامان کی مرحلہ وار ترسیل، باقاعدہ سرگرمیوں اور ماہانہ رپورٹنگ کا نظام وضع کیا جائے گا، جبکہ کم کوریج والے علاقوں میں پروگرام کو مزید وسعت دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US