پی سی بی کے تحت فیصل آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کا انتخابی عمل مکمل ہوگیا ہے، جس میں رانا انیس گروپ نے کامیابی حاصل کی ہے۔
انتخابات کے نتائج کے مطابق رانا انیس گروپ کے سردار عاصم محمود 15 ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہوگئے ہیں، جبکہ ان کے مدِ مقابل اعجاز فاروق کو 9 ووٹ ملے۔ سیکریٹری کے عہدے پر رانا انیس گروپ ہی کے عدنان حسین 15 ووٹ لے کر کامیاب رہے، جبکہ ان کے مخالف امیدوار در اقبال کو 8 ووٹ ملے۔
کامیابی کے بعد گروپ لیڈر رانا انیس احمد خان سمیت دیگر رہنماؤں جلال اکبر، حسیب اللہ شاہد، طاہر ستار نیازی، رانا زاہد، پیر طارق جیلانی اور مغیث نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔
نو منتخب صدر سردار عاصم محمود کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ریجن میں بلا تفریق کرکٹ کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے اور کھیل کی ترقی کے لیے میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر نومنتخب سیکریٹری عدنان حسین نے بھی عزم ظاہر کیا کہ کلب لیول پر کرکٹ کو مضبوط بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔