پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر اعتراف کیا ہے کہ میزبان ٹیم نے پاکستان کو کھیل کے ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی شعبے میں مستقل مزاجی سے کارکردگی نہیں دکھا سکی اور اپنے پلان پر عمل نہیں کر پائی۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں جیت کے لیے تسلسل ضروری ہے، جبکہ ٹیم کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے صرف ایک ہفتہ ملا جو کافی نہیں تھا۔
سلمان علی آغا کے مطابق پاکستان ٹیم اس وقت ری بلڈنگ کے مرحلے میں ہے اور بولنگ اٹیک بھی نسبتاً کم تجربہ کار ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ خود، محمد رضوان اور سعود شکیل بھی فارم میں نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے بابر اعظم اگلے میچ کے لیے فٹ ہوجائیں گے جبکہ پاکستان کو آئندہ اوے سیریز میں اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔