قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی اسپنر نشرہ سندھو نے کہا ہے کہ اس وقت ٹریننگ کیمپ میں تمام ڈیپارٹمنٹس پر محنت کی جا رہی ہے اور خامیاں دور کرکے چیزوں کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حالات ہماری ٹیم کے لیے سازگار ہیں، جہاں ہمارے اسپنرز زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں اور کوشش ہوگی کہ وہاں اسپن بالنگ کا بہترین استعمال کیا جائے۔
نشرہ سندھو کا کہنا تھا کہ ٹیم کو میچز فنش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، کھیل کے بعض حصوں میں کارکردگی اچھی ہوتی ہے لیکن پھر اچانک گراف نیچے آ جاتا ہے۔ اگر ٹیم کو متواتر میچز کھیلنے کا موقع ملے گا تو پرفارمنس میں پائیداری اور بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سیریز یا ٹورنامنٹ کو اگلے ایونٹ کی تیاری کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور کھلاڑیوں کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔ ایشین گیمز اور ایشیا کپ کے حوالے سے انہوں نے مثبت امیدیں ظاہر کیں۔
اپنے ذاتی کھیل پر بات کرتے ہوئے قومی اسپنر نے کہا کہ وہ ہر میچ کا الگ پلان بناتی ہیں اور پچ کی مناسبت سے نئی حکمت عملی اپنا کر پرفارم کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ پاک بھارت میچ پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف مقابلے کی تیاری ہمیشہ بہترین ہوتی ہے، کیونکہ اس میچ میں شدید دباؤ کا ماحول ہوتا ہے۔ جو ٹیم اور کھلاڑی اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہیں کامیابی انہی کے قدم چومتی ہے، اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بھارت کے خلاف میچ میں فتح حاصل کریں۔