قراقرم کی اسپانتک چوٹی پر خاتون کوہ پیما کی میت کی منتقلی شدید موسم کی وجہ سے ملتوی

image

قراقرم کے پہاڑی سلسلہ میں واقع اسپانتک چوٹی پر جاں بحق ہونے والی ڈاکٹر اسماء کی میت کی بیس کیمپ منتقلی کا آپریشن شدید خراب موسم کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے مطابق ہائی ایلٹیٹیوڈ پورٹرز کو میت کی منتقلی کے لیے کیمپ 3 تک پہنچنا تھا اور تمام کارروائی کل تک مکمل کی جانی تھی۔ تاہم شدید برف باری، تیز ہواؤں اور نامساعد موسمی حالات کے باعث کیمپ 3 کے انتہائی قریب پہنچنے کے باوجود ریسکیو ٹیم کو پیش رفت روک کر واپس کیمپ 2 منتقل ہونا پڑا۔

ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے اور ممکنہ متبادل راستے اختیار کرنے کے لیے گلگت بلتستان حکومت اور فورس کمانڈر ناردرن ایریاز (FCNA) کے درمیان رابطہ قائم کر کے ہیلی کاپٹر سروس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام دستیاب وسائل اور متبادل انتظامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو ریسکیو آپریشن کی تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US