اے سی سی کے سالانہ اجلاس کا اعلامیہ جاری: اہم انتظامی فیصلے اور صدارت کے لیے افغانستان کی منظوری

image

بنکاک میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم انتظامی امور پر فیصلے کیے گئے اور ایک باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اجلاس کے دوران یو اے ای کرکٹ بورڈ کے نائب صدر خالد الزرونی کو متفقہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کا نیا نائب صدر منتخب کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ 2026 سے 2028 کے لیے اے سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ ارکان کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔

ایگزیکٹو بورڈ میں قطر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عبدالعزیز بن سعود الثانی اور سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمود غزنوی کو شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ ایسوسی ایٹ ممالک کی نمائندگی کے لیے مالدیپ کے محمد فیصل اور بحرین کے محمد منصور کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے افغانستان کرکٹ بورڈ کو اے سی سی کی صدارت کے لیے اہل بورڈز کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس سے قبل اے سی سی کی صدارت صرف پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان باری باری تقسیم ہوتی تھی، تاہم اب صدارتی روٹیشن پالیسی کے تحت افغانستان بھی صدارت کا عہدہ سنبھال سکے گا۔

علاوہ ازیں اے سی سی نے گورننس، انتظامی امور، کرکٹ ڈویلپمنٹ، مقابلوں اور مالی معاملات سے متعلق مختلف نئی کمیٹیوں کے قیام کی منظوری بھی دی، جن کی تفصیلی معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے سالانہ اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایشیا میں کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ مختلف ممالک، ثقافتوں اور نسلوں کو جوڑنے والی ایک مشترکہ زبان ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ کھیل کے بہتر مستقبل کے لیے مضبوط ادارے قائم کرنا تمام اراکین کی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے مشترکہ سوچ، عاجزی اور نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایشیائی کرکٹ کو مضبوط بنانا اور ان کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا بنیادی مقصد ہے۔ محسن نقوی نے اے سی سی کے تمام رکن بورڈز کے اتحاد اور تعاون کو سراہتے ہوئے نئے منتخب ہونے والے نائب صدر اور ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان کو مبارکباد بھی پیش کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US