پاکستان کے سابق وزیراعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے طبی علاج، معائنے اور دیکھ بھال سے متعلق 21 عالمی شہرت یافتہ سابق کپتانوں نے وزیراعظم پاکستان کو ایک خط ارسال کیا ہے۔
خط میں مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر، کپل دیو، اور کلائیو لائیڈ سمیت دیگر نامور کرکٹرز نے اپیل کی ہے کہ عمران خان کو مکمل طبی سہولیات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مناسب طبی دیکھ بھال فراہم کی جائے۔
سابق کپتانوں نے خط میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے عمل پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ عمران خان کے اپنے ذاتی معالجین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کو بلا رکاوٹ ان کا طبی معائنہ مکمل کرنے کی اجازت دی جائے، بالخصوص ان کی دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں کے پیشِ نظر ان کا مکمل اور آزادانہ معائنہ ضروری ہے۔
خط میں عمران خان کو صرف چند گھنٹوں کے قیام کے بعد دوبارہ جیل منتقل کرنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی جانب سے بحال کی گئی ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کو بلا تعطل اور بلا تاخیر جاری رکھنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ طبی معائنے کے بعد جو بھی علاج تجویز کیا جائے، اسے فوری طور پر فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
سابق بین الاقوامی کپتانوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کی عمر 73 برس ہو چکی ہے اور وہ تین سال سے زائد عرصے سے زیرِ حراست ہیں، لہٰذا عدالتی احکامات کی روشنی میں طبی کارروائی مکمل کرنا ایک بنیادی انسانی تقاضا ہے۔
انہوں نے اپیل کی ہے کہ قانونی و سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا جائے اور اس طبی معاملے کو عجلت، وقار اور اچھے انداز میں حل کیا جائے۔