پاکستان اور ایران کی کبڈی ٹیموں کے درمیان چھ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔
24 سے 26 اگست تک جاری رہنے والی یہ سیریز ایشین سٹائل کے تحت کھیلی جا رہی ہے جس میں پاکستان 'اے'، پاکستان 'بی'، ایران 'اے' اور ایران 'بی' کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ مقابلے اگلے ماہ ہونے والے ایشین گیمز کی تیاریوں کا اہم حصہ ہیں۔
انٹرنیشنل رینکنگ میں اس وقت ایران دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
سیریز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایرانی کپتان فاضل اتراچلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ چھ میچز کھیلنا ہوم ٹریننگ سے کہیں زیادہ فائدے مند ثابت ہوگا۔
ایرانی کھلاڑی معین نابی نے بھی ایشین گیمز سے قبل اس سیریز کو انتہائی ضروری قرار دیا۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے کپتان مدثر شاہ نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ایشین گیمز سے قبل ایران کے خلاف یہ سیریز جیت کر ٹرافی اپنے نام کی جائے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین نے اس سیریز کو دونوں ممالک کے تعلقات اور کھیلوں کی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ سیریز کے تمام میچز پاکستان میں براہ راست دکھائے جائیں گے۔