لاہور میں واپڈا اسپورٹس کمپلیکس کے مقام پر منعقدہ چار روزہ جشن آزادی ٹیبل ٹینس ماسٹر کپ 2026ء اختتام پذیر ہوگیا، جس میں واپڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز اور ویمنز دونوں ٹیم ٹائٹلز اپنے نام کرلیے۔
مینز ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے پہلی جبکہ پنجاب نے دوسری پوزیشن حاصل کی، دوسری جانب ویمنز ٹیم ٹائٹل بھی واپڈا کے نام رہا جبکہ خیبر پختونخوا کی ٹیم رنرز اپ رہی۔
انفرادی مقابلوں میں مینز سنگلز ایونٹ کی پہلی پوزیشن پاکستان آرمی کے شایان نے حاصل کی، جبکہ پاکستان آرمی کے نور خان دوسرے اور واپڈا کے عاصم خان تیسرے نمبر پر رہے۔ ویمنز سنگلز ایونٹ میں پنجاب کی کلثوم خان چیمپئن قرار پائیں، جبکہ پاکستان آرمی کی ایمان حسن نے دوسری اور واپڈا کی سعدیہ فلک شیر نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل منیجر واپڈا اسپورٹس اور واپڈا اسپورٹس بورڈ کے صدر امداداللہ میمن تھے، جبکہ واپڈا اسپورٹس بورڈ کے جنرل سیکریٹری عمیر اسلم ملک اور فنانس سیکریٹری حماد رسول بھلر نے مہمانانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں نے کامیاب ٹیموں اور نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔