لاہور میں ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
کیمپ کے دوران قومی کھلاڑیوں نے بالخصوص سیناریو میچز کی مشق کی، جبکہ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں بوائز ٹیم کے خلاف بھی متعدد میچز کھیل کر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔
کیمپ کے آخری سیشن میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بہتر بنانے کے لیے مختلف ڈرلز کروائی گئیں۔
پاکستان ویمن ٹیم کپتان فاطمہ ثنا کی قیادت میں ویمنز ایشیا کپ میں شرکت کے لیے کل دبئی روانہ ہوگی۔ یہ ٹورنامنٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں منعقد ہورہا ہے۔
ایونٹ کے شیڈول کے مطابق، قومی ٹیم اپنا پہلا گروپ میچ یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ چیف حریفوں یعنی پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کے درمیان ٹکراؤ 5 ستمبر کو ہوگا، جبکہ پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔