عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں کراچی میں مرکزی جلوسوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوسوں کی سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایم اے جناح روڈ کو نمائش چورنگی سے میری ویدر ٹاور تک عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے دوپہر ڈھائی بجے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں برآمد ہوگا جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا عصر کے وقت گلزار حبیب مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
دوسرا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے سہ پہر 3 بجے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں روانہ ہوگا اور شام 6 بجے نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر نشتر پارک میں میلادالنبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔
اس کے علاوہ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے بھی جلوس برآمد ہوگا جو مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے روانہ ہوگا اور عصر کے وقت آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران مشکلات سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ڈائیورژن پوائنٹس پر ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود رہیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز کراچی میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
دوسری جانب عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے کراچی سمیت ملک بھر میں مساجد اور اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جبکہ درود و سلام، نعت خوانی اور محافل میلاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔