پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایف آئی ایچ ورلڈ کانفرنس کے موقع پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام سمیت مختلف ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں۔
برسلز میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان ہاکی کی عالمی سطح پر موجودگی اور اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور پاکستان میں عالمی معیار کی ہاکی سرگرمیوں کے انعقاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ایچ ایف صدر محی الدین وانی نے مختلف ممالک کے ہاکی حکام سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں ہاکی کے فروغ، باہمی تعاون اور بین الاقوامی ٹیموں کے دورہ پاکستان کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
پی ایچ ایف کے مطابق ان ملاقاتوں کے نتیجے میں امید پیدا ہوئی ہے کہ اگلے سال یورپ کی ٹاپ ہاکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہیں، جس سے ملک میں بین الاقوامی ہاکی کی واپسی اور کھیل کے فروغ کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ عالمی ہاکی برادری کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے اور قومی ٹیم کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ایکسپوژر فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔