میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے کہا ہے کہ کمیشن کسی سے خوفزدہ ہوئے بغیر کام کرے گا اور تمام معاملات شفاف رکھے جائیں گے۔
کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جسٹس عمر سیال نے میر رضا کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ کمیشن اہلخانہ کے سوالات کے جوابات تلاش کرنے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کمیشن کا کام پولیس تفتیش کرنا نہیں بلکہ تحقیقات میں نقائص، پولیس کی کارکردگی اور غفلت کا جائزہ لینا ہے۔
جسٹس عمر سیال نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ کیس سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد کے لیے اردو، انگریزی اور سندھی اخبارات میں اشتہار جاری کیا جائے اور اہم معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک لاکھ روپے انعام مقرر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کی مدت کے دوران وہ کسی سے ملاقات نہیں کریں گے اور کسی دباؤ کے بغیر کام کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔