پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور کپتان فرحان یوسف نے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ جیت کا عزم لے کر انگلینڈ جا رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا موقع دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں کیمپ کے دوران بہترین تیاری کی گئی ہے اور پریکٹس کے لیے اچھی پچز فراہم کی گئی تھیں جس سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق کھلاڑیوں کو بغیر کسی دباؤ کے کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مستقبل میں قومی ٹیم میں شامل ہونے پر وہ ہر قسم کے پریشر کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ رزلٹ اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن لڑکے میدان میں پوری کوشش کریں گے۔ شاہد انور نے عالیان سلمان کی سلیکشن کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل میرٹ پر ٹیم میں آئے ہیں، انہوں نے سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ بہترین باؤلنگ بھی کی ہے اور کارکردگی دکھانے والا کھلاڑی چاہے کسی کا بھی بیٹا ہو وہ ٹیم کا حصہ بنے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سمیر منہاس کی عمر زیادہ ہو چکی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم میں بہترین 15 کرکٹرز موجود ہیں اور فیلڈنگ کا معیار بھی شاندار رہا ہے۔ ایشیا کپ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے مخالف ٹیموں کو پورے اوورز نہیں کھیلنے دیے گئے تھے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ 13 سال بعد ہونے والے اس انڈر 19 دورے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔
انگلینڈ کے موسم سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہد انور نے کہا کہ موسم یقیناً اثر انداز ہوتا ہے، تاہم سخت حالات میں کھیلنے کی مشق کی گئی ہے اور وہاں وارم اپ میچز کھیل کر حالات سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہوا جا سکے گا۔