عمران خان کے بیٹوں کا اسکائی اسپورٹس پر انٹرویو، پی سی بی نے باضابطہ شکایت کردی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لارڈز ٹیسٹ کے دوران عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کیے جانے پر اسکائی اسپورٹس کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرا دی۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق، لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بارش کے باعث کھیل میں وقفہ آیا تو لنچ بریک کے دوران اسکائی اسپورٹس نے قاسم اور سلیمان خان سے گفتگو نشر کی۔ انٹرویو میں دونوں نے اپنے والد عمران خان کی جیل میں موجودگی اور حکومت کے مبینہ رویے پر تشویش کا اظہار کیا۔

قاسم خان نے گفتگو کے دوران کہا کہ انہیں واضح طور پر معلوم نہیں کہ ان کے والد کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کو طویل عرصے تک قید رکھ کر ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان کے وکلا پہلے ہی جیل میں ان کی صورتحال کو تشویشناک قرار دے چکے ہیں، جبکہ ان کی بہن کی جانب سے بھی دورانِ قید مبینہ تشدد کے الزامات سامنے آچکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے 73 سالہ عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو نشر نہ کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم اسے روکنے میں کامیابی نہیں ہوئی۔ انٹرویو نشر ہونے کے بعد مبینہ طور پر پی سی بی حکام نے پاکستانی کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں بھیجنے سے روکنے کی دھمکی بھی دی۔

بعد ازاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے حکام نے دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کیا اور کھیل دوبارہ شروع ہوگیا۔ اسکائی اسپورٹس نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

دی گارڈین کے مطابق پاکستانی حکام کی ناراضی اس معاملے کے بعد بھی برقرار رہی اور اطلاعات ہیں کہ معاملہ برطانوی حکومت کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے سامنے بھی اٹھایا گیا۔ دوسری جانب پی سی بی نے ای سی بی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی ٹیم لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی میدان میں اترے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US