پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بغیر ادھورے ہیں، نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کا پہلا خطاب

image

آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی نے ایوان میں اپنے پہلے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر محض زمین کا تنازع نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کا معاملہ ہے، اور 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف قانون سازی سے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔

نومنتخب وزیر اعظم نے افواجِ پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے سبب کشمیری سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرز پر ترقیاتی و انتظامی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔

حکومت کی ترجیحات اور اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ ملازمتوں میں بھرتی کے لیے این ٹی ایس کی طرز پر تھرڈ پارٹی سسٹم متعارف کروایا جائے گا، انٹرنیٹ کی صورتحال میں بہتری لا کر ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دیا جائے گا اور مہارت پر مبنی (اسکلڈ بیسڈ) تعلیم پر کام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شعبہ صحت و تعلیم میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل اور شکایات کے فوری حل کے لیے ایک ڈیجیٹل سٹیزن پورٹل بھی قائم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان نے 14 ووٹ حاصل کیے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی پہلی بار 2011 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور اس سے قبل وہ بطور وزیر تعلیم بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ حالیہ انتخابات میں وہ ن لیگ کے ٹکٹ پر ٹیکنوکریٹ نشست پر ایوان کا حصہ بنے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US