’انگوٹھے پر خون نہیں مارکر کی سیاہی تھی‘: امام الحق سے متعلق پی سی بی کی سابقہ انکوائری رپورٹ میں انکشافات

image

قومی کرکٹر امام الحق کی انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران حالیہ انجری کے بعد ماضی میں ان کے خلاف کی گئی ایک انکوائری رپورٹ کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مارچ 2025 میں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران انڈور نیٹ سیشن کے وقت امام الحق کے دائیں پاؤں کے انگوٹھے پر گیند لگی تھی، جس پر انہوں نے شدید درد اور انگوٹھے پر سیاہ نشان پڑنے کی شکایت کی تھی۔ تاہم ایکسرے میں انگوٹھے میں فریکچر یا ہڈی ہلنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

میڈیکل ٹیم کی ہدایت کے باوجود کھلاڑی کے افطار کے لیے پیدل جانے کا انکشاف بھی ہوا جبکہ ٹیم ڈاکٹر کے مخصوص کیمیکل پیپر سے صفائی کرنے پر انگوٹھے کا سیاہ نشان ختم ہوگیا۔

پی سی بی انکوائری کمیٹی کے مطابق یہ سیاہ مادہ قدرتی خون کے بجائے سیاہی یا مارکر کا نشان تھا، تاہم امام الحق نے کمیٹی کے سامنے مصنوعی مادہ لگانے سے صاف انکار کیا تھا۔

کمیٹی نے امام الحق کا موقف میڈیکل شواہد اور ایکسرے کی رپورٹس سے غیر مطابقت بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ون ڈے کے لیے کھلاڑی کو ان فٹ قرار دینے کی کوئی طبی بنیاد موجود نہیں تھی۔

ذرائع کے مطابق امام الحق نگرانی میں لنگڑاتے جبکہ نظروں سے اوجھل ہونے پر معمول کے مطابق چلتے دیکھے گئے، جس پر انکوائری کمیٹی نے ان پر علامات کو جعلی بنانے، بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور میڈیکل عملے کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امام الحق نے نیوزی لینڈ کی مشکل اور تیز پچز پر اوپننگ سے گریز کے لیے جان بوجھ کر پہلے ون ڈے سے باہر ہونے کی کوشش کی، جس کے پیش نظر کمیٹی نے انہیں تمام فارمیٹس اور تمام سطحوں پر پاکستان کی نمائندگی سے روکنے کی سفارش کی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US