راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کرگئی جبکہ گوالمنڈی کے اطراف میں امدادی کارروائیوں کے لیے پاک فوج طلب کرلی گئی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق شہر میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ 3 سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔ نشیبی علاقوں سے شہریوں کے انخلا کے لیے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق کٹاریاں میں نالہ لئی کی سطح بلند ترین مقام پر ہے، جس کے باعث پانی ملحقہ آبادیوں میں داخل ہوا۔ پاک فوج، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔