بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک، 6 اہلکار شہید

image

بلوچستان کے اضلاع چاغی اور پشین میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب نوکچا، ضلع چاغی اور زیارت کراس، ضلع پشین میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

چاغی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد این-40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

دوسری کارروائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران 6 اہلکاروں نے وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا جن میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔

علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خاتمے اور قومی شاہراہوں و مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US