’تولیوں میں چھپی آئس افغانستان سے آئی‘: کولمبو میں امریکی اور سری لنکن آپریشن کے بعد اے این ایف کا دعویٰ

اس سے پہلے سری لنکا میں امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ کولمبو میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران پاکستان سے آنے والی کرسٹل میتھ یا ’آئس‘ کی کھیپ کو ضبط کیا گیا جبکہ سری لنکن پولیس نے دو پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔

پاکستان میں انسداد منشیات کے حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک بڑی کارروائی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان منشسیات سمگل کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی میں نہ صرف بڑی مقدار میں منشیات قبضے میں لی ہے بلکہ گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف پاکستان کے تعاون سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں افغان منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کارروائی کے دوران کراچی اور کولمبو بندرگاہوں پر مجموعی طور پر 671 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) قبضے میں لے لی گئی، جبکہ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ’پاکستان افغانستان سے سمگل ہونے والی منشیات کے لیے طویل عرصے سے ٹرانزٹ روٹ اور متاثرہ ملک رہا ہے۔ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت پاکستان نے ہمیشہ منشیات سمگلنگ کے خلاف عالمی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا ہے۔ اسی سلسلے میں اے این ایف نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغان منشیات کو پاکستان کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔‘

ترجمان نے بتایا کہ ’اے این ایف نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر جولائی 2026 میں کراچی بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کنٹینر سے 200 کلوگرام آئس برآمد کی تھی۔ اس کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے افغان سرغنہ احسان اللہ سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔‘

گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے ساتھ شیئر کی گئیں۔ اے این ایف کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سری لنکن حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کولمبو بندرگاہ پر دو کنٹینرز سے مزید 471 کلوگرام آئس برآمد کر لی، جبکہ نیٹ ورک کے مزید چھ ارکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف کے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران افغانستان سے سمگل کی گئی مجموعی طور پر 671 کلوگرام آئس ضبط کی گئی، جسے پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پورے آپریشن میں اے این ایف نے مرکزی کردار ادا کیا اور جدید انٹیلی جنس پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کی نشاندہی کی۔ بروقت معلومات کے تبادلے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کے نتیجے میں بیرون ملک بھی بڑی کارروائی ممکن بنائی گئی۔‘

اس سے پہلے سری لنکا میں امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ کولمبو میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران پاکستان سے آنے والی کرسٹل میتھ یا ’آئس‘ کی کھیپ کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ جبکہ سری لنکن پولیس نے اس سلسلے میں دو پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

ایک بیان میں امریکی سفارتخانے نے کہا کہ ’امریکہ کے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے نئی دہلی کنٹری آفس اور سری لنکا کے پولیس نارکوٹکس بیورو (پی این بی) نے ایک کامیاب مشترکہ کارروائی کی، جس میں پاکستان میں قائم ایک منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کو ناکام بنایا گیا جو کرسٹل میتھ کو سری لنکا کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘

امریکی اور سری لنکن حکام کے مطابق یہ منشیات ’تولیوں میں چھپائی گئی تھیں‘ اور اس سلسلے میں پاکستانی شہریوں سمیت کئی مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

امریکی حکام کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سے کولمبو آنے والے مشتبہ بحری کنٹینرز کے بارے میں 14 سے 29 اگست کے درمیان حاصل کی گئی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس دوران ’پی این بی نے تقریباً 463 کلوگرام کرسٹل میتھ ضبط کی جس کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے۔‘

کولمبو میں کارروائی کے بارے میں کیا بتایا گیا؟

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کولمبو کی مقامی پولیس نے بدھ کو بتایا کہ امریکہ اور سری لنکا کے انسدادِ منشیات اہلکاروں نے ایک پاکستانی منشیات نیٹ ورک کو نشانہ بنانے کے لیے مشترکہ کارروائی کے بعد تقریباً نصف ٹن کرسٹل میتھ ضبط کی۔

پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اشوکا دھرماسینا نے صحافیوں کو بتایا کہ مصنوعی منشیات کے 463 کلوگرام ایک شپنگ کنٹینر سے ضبط کیے گئے جو ہفتے کے اختتام پر کولمبو پہنچا تھا۔ جبکہ دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

کولمبو میں امریکی سفارت خانے نے کہا کہ دو کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی منشیات، جو تولیوں میں چھپائی گئی تھیں، سری لنکا کے راستے بین الاقوامی منڈیوں میں سمگل کی جانی تھیں۔

سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے دفتر اور سری لنکا پولیس نارکوٹکس بیورو نے 14 اگست سے 29 اگست کے درمیان پاکستان سے آنے والے شپنگ کنٹینرز کی نگرانی کے بعد یہ مشترکہ کارروائی کی۔

امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی ’بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیموں کو توڑنے میں امریکہ اور سری لنکا کی شراکت داری کی مضبوطی کو اجاگر کرتی ہے، جو دہشت گردی کے لیے مالی وسائل فراہم کرتی ہیں اور ہمارے دونوں ممالک میں برادریوں کے لیے خطرہ بنتی ہیں۔‘

ادھر دھرماسینا نے کہا کہ میتھ کی حالیہ ضبطی کے سلسلے میں ایک مقامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور انھوں نے تصدیق کی کہ یہ کارروائی ’اطلاع‘ ملنے کے بعد کی گئی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اکتوبر سے جاری سری لنکا کی انسدادِ منشیات مہم کے نتیجے میں تقریباً 14 ٹن غیر قانونی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں۔

اس ضبط شدہ کھیپ میں کرسٹل میتھ، جسے آئس بھی کہا جاتا ہے، ہیروئن اور کوکین شامل ہیں۔

سری لنکا کے وزیرِ عوامی تحفظ آنندا وجے پالا نے پارلیمان کو بتایا کہ زیادہ تر غیر قانونی منشیات افغانستان اور پاکستان سے آتی ہیں اور سمندر کے راستے جزیرے میں سمگل کی جاتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دو کروڑ 20 لاکھ آبادی والے اس جزیرائی ملک میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریباً چار لاکھ ہے۔

اکتوبر 2024 میں سری لنکا کی ایک عدالت نے 10 ایرانی افراد کو ہیروئن سمگلنگ کا جرم قبول کرنے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

سری لنکا میں منشیات کی سب سے بڑی واحد ضبطی دسمبر 2016 میں ہوئی تھی، جب کسٹمز حکام نے لکڑی کے ایک شپنگ کنٹینر میں 800 کلوگرام کوکین برآمد کی تھی جو انڈیا بھیجا جا رہا تھا۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US