غزہ سے جبری بےدخلی: 8 اسلامی ممالک نے اسرائیلی منصوبہ مسترد کر دیا

image

پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیے اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی وزراء کی جانب سے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اعلامیے میں فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین پر ثابت قدمی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے جائز حقوق کو نقصان پہنچانے اور انہیں ان کی سرزمین سے جبری طور پر بےدخول کرنے کے کسی بھی منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔

وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور اس سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقے کا ایک لاینفک اور اٹوٹ حصہ ہے، اس لیے غزہ، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس پر مشتمل تمام فلسطینی سرزمین کا اتحاد برقرار رکھا جانا چاہیے۔

تمام ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ 4 جون 1967 کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل ہے، جس کے تحت مقبوضہ بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US