غزہ کی معصوم وفا یوسف کا اسکول کا پہلا دن زندگی کا آخری دن بن گیا، والد کے ساتھ شہید

image

غزہ میں اسکول جانے کا خواب دیکھنے والی 5 سالہ وفا یوسف کے لیے تعلیم کا پہلا دن ہی زندگی کا آخری دن ثابت ہوا۔ اسرائیلی ڈرون حملے میں معصوم بچی جان سے گئی جبکہ اس گاڑی میں موجود اس کے والد بھی حملے کی زد میں آکر شہید ہوگئے۔

دیر البلح میں بھی ایک اسکول پر اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں 7 سالہ سعدی جاں بحق ہوگیا۔ یوں ایک ہی روز کم عمر بچوں کی جانیں جانے کے واقعات نے غزہ میں جاری جنگ کے ایک اور تکلیف دہ پہلو کو سامنے لایا ہے۔

فلسطینی حکام اور رپورٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک غزہ میں 21 ہزار سے زائد بچے جان سے جا چکے ہیں جس کے باعث جنگ کا سب سے بھاری بوجھ کم عمر فلسطینیوں کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی بھی برقرار ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے کفررمان میں دو فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 7 دیگر زخمی ہوئے۔

غزہ سے لبنان تک جاری حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکتیں ایک بار پھر اس خطے میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کر رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US