امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں امریکا کی فتح کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہوں گی۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد امریکی صارفین کے لیے پیٹرول کی قیمت تقریباً 3 ڈالر فی گیلن تک آ سکتی ہے جبکہ مستقبل میں یہ 2 ڈالر فی گیلن سے بھی کم ہونے کا امکان ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی منڈی دباؤ کا شکار ہے اور سپلائی سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت حالیہ دنوں میں 98 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ چکی ہے۔ تاہم ٹرمپ کی پٹرول کی قیمت 2 ڈالر فی گیلن سے کم ہونے کی پیشگوئی کا انحصار جنگ کے خاتمے، عالمی سپلائی اور مارکیٹ کی صورتحال پر ہوگا۔