6 لاکھ ڈالر فوڈ اسٹیمپ فراڈ کا مفرور ملزم منجیت سنگھ ہندوستان سے گرفتار

image

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے 'موسٹ وانٹڈ فراڈسٹرز' کی فہرست میں شامل سنگین مالیاتی جرائم کے ملزم منجیت سنگھ بیدی کو ہندستان میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وہ پانچ ماہ کے عرصے میں اس مہم کے تحت گرفتار ہونے والے پانچویں ملزم ہیں، اور ایف بی آئی ان کی امریکا حوالگی کے لیے بھارتی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق ملزم منجیت سنگھ بیدی نے مارچ 2024 سے جون 2025 کے دوران امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر ٹاکوما میں ایک ایشیائی گروسری اسٹور چلاتے ہوئے فوڈ اسٹیمپ (SNAP) پروگرام میں کم از کم 6 لاکھ ڈالر کا فراڈ کیا۔ ملزم نے سائن اپ صارفین کے ای بی ٹی (EBT) کارڈ استعمال کر کے انہیں اشیائے خورونوش کے بجائے نقد رقم دی اور رقم کا نصف حصہ خود رکھ لیا۔

وائر فراڈ اور سنیپ بینیفٹس فراڈ کے الزامات میں فردِ جرم عائد ہونے کے بعد عدالت نے ملزم کو پاسپورٹ جمع کرانے اور ریاست واشنگٹن میں ہی رہنے کا حکم دیا تھا، تاہم وہ کینیڈا کے راستے ہندوستان فرار ہوگیا۔ 21 مئی 2026 کو عدالتی کی ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی پر ملزم کے وفاقی وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

ایف بی آئی نے نیچرلائزڈ امریکی شہری منجیت سنگھ کی گرفتاری کے لیے 1,50,000 ڈالر تک کے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔ جون میں شروع کی گئی اس خصوصی مہم کے تحت اب تک گرفتار ہونے والے 5 مفرور ملزمان پر مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر سے زائد کے مالیاتی فراڈ کا الزام ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US