ایران جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، برینٹ خام تیل 108 ڈالر جبکہ امریکی خام تیل 103 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق سرمایہ کار ایران جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں طویل تعطل کے خدشات کا شکار ہیں جس کے باعث جمعرات کو کاروبار کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں دورانِ کاروبار 7.1 فیصد تک اضافہ ہوا اور یہ 108 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گئی۔ کاروبار کے اختتام پر برینٹ 6.34 فیصد اضافے کے ساتھ 107.63 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی دورانِ کاروبار 7.3 فیصد تک بڑھی اور 103 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کرگئی۔ اختتام پر ڈبلیو ٹی آئی 6.69 فیصد اضافے کے ساتھ 102.48 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔