نائن الیون کے 25 سال: ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ میں 47 لاکھ ہلاکتیں اور 8 ٹریلین ڈالر کا نقصان

image

نائن الیون کے واقعے کو 25 سال مکمل ہونے پر جاری کی گئی رپورٹس کے مطابق 11 ستمبر 2001 کے بعد امریکی قیادت میں شروع ہونے والی ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ نے دنیا کو انسانی اور مالی اعتبار سے شدید نقصان پہنچایا ہے۔

براؤن یونیورسٹی کے 'کاسٹس آف وار' پراجیکٹ کے تخمینے کے مطابق ان جنگوں کے نتیجے میں براہ راست اور بالواسطہ طور پر 45 سے 47 لاکھ افراد ہلاک ہوئے، جن میں 9 لاکھ 40 ہزار براہ راست جنگی کارروائیوں جبکہ 36 سے 38 لاکھ افراد بیماریوں اور غذائی قلت کے باعث لقمہ اجل بنے۔ اس کے علاوہ افغانستان، عراق، پاکستان، یمن، صومالیہ، فلپائن، لیبیا اور شام میں 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔

افغانستان میں 20 سال جاری رہنے والی جنگ کے نتیجے میں 1 لاکھ 76 ہزار افراد ہلاک ہوئے اور ملک میں غذائی عدم تحفظ کی شرح 62 فیصد سے بڑھ کر 92 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ 2021 میں امریکی انخلا کے بعد طالبان نے دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا۔

2003 میں عراق پر امریکی حملے کے نتیجے میں 3 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اس دوران امریکا نے پاکستان، یمن اور صومالیہ میں بھی غیر اعلانیہ فضائی و ڈرون حملے کیے، جن میں بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم کے مطابق پاکستان میں 423 حملوں کے دوران 2499 سے 4001 افراد مارے گئے، جن میں 424 سے 966 عام شہری شامل تھے۔

صومالیہ اور یمن میں بھی سینکڑوں افراد ان حملوں کا نشانہ بنے۔ مزید برآں، عراق اور شام میں داعش کے خلاف 'آپریشن انہرنٹ ریزولو' کے دوران غیر منافع بخش تنظیم 'ایئروارز' کے مطابق 8264 سے 13360 شہری ہلاک ہوئے۔

ان فوجی مہمات میں خود امریکا اور اس کے اتحادیوں کا بھی بڑا جانی و مالی نقصان ہوا۔ افغانستان میں تقریباً 3500 اتحادی فوجی ہلاک ہوئے جن میں 2500 امریکی شامل تھے، جبکہ عراق میں 3481 امریکی فوجی مارے گئے۔

امریکا نے ان جنگوں پر اندازاً 5.8 ٹریلین ڈالر خرچ کیے، جبکہ آنے والی دہائیوں میں جنگ میں حصہ لینے والے سابق فوجیوں کی دیکھ بھال اور طبی علاج پر مزید 2.2 سے 2.5 ٹریلین ڈالر لاگت آنے کا امکان ہے، جس سے اس جنگ کی مجموعی مالی قیمت 8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جاتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US