جمائمہ گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی، دولہا کون ہیں؟

image

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی اسکرین رائٹر و فلم پروڈیوسر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے عمران خان سے علیحدگی کے 22 سال بعد ایک بار پھر شادی کرلی۔

جمائمہ کی شادی کی خبر ان کے خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔ ان کے بھائی بین گولڈ اسمتھ کی اہلیہ جمائمہ جونز نے انسٹاگرام پر شادی کی خوشی میں ایک پیغام بھی جاری کیا، تاہم دلہا دلہن کی تصاویر شیئر نہیں کی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق جمائمہ نے 62 سالہ کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار کیمرون او ریلی سے شادی کی ہے۔ کیمرون او ریلی آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں پیدا ہوئے اور معروف سابق رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔

اس سے قبل رواں سال مئی میں برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ جمائمہ اور کیمرون او ریلی کی منگنی ہوچکی ہے اور دونوں گزشتہ تقریباً ایک سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ دونوں کی ملاقات دستاویزی فلموں میں مشترکہ دلچسپی کے باعث ہوئی۔ ابتدا میں ان کے درمیان دوستی رہی جو بعد ازاں رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں سوئٹزرلینڈ میں کیمرون کی رہائش گاہ اور مغربی لندن میں جمائمہ کے گھر کے درمیان وقت گزارتے رہے۔

جمائمہ گولڈ اسمتھ نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی۔ تقریباً نو سال بعد 2004 میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی۔ سابق جوڑے کے دو بیٹے ہیں، سلیمان اور قاسم۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US