یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے حوثیوں کے حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں نے شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنایا جس سے ان کی انتہاپسندانہ سوچ اور کشیدگی میں اضافے کی پالیسی واضح ہوتی ہے۔
ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ اتحادی افواج حملوں کا ذمہ داری اور بھرپور عزم کے ساتھ جواب دیں گی جبکہ حوثیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری عملی اور دفاعی اقدامات کیے جائیں گے۔
اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بتایا تھا کہ پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے متعدد حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یمنی حوثیوں نے سعودی عرب کے کنگ خالد ایئربیس پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔