بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر منچیریل میں گھریلو تنازع کے دوران شوہر نے اپنی اہلیہ اور سسر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ متاثرہ خاتون ممتا کو ناک پر شدید چوٹ کے باعث وارنگل کے ایم جی ایم اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ممتا کی شادی تقریباً 9 سال قبل مانی چندر سے ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات جاری تھے اور ایک جھگڑے کے بعد ممتا اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی، جبکہ شوہر اسے واپس آنے کے لیے کہتا رہا۔
واقعے کے روز مانی چندر سسرال پہنچا اور ممتا کے والد نارائنہ سے تلخ کلامی کے بعد ان پر حملہ کر دیا۔ ممتا نے والد کو بچانے کی کوشش کی تو شوہر نے اسے بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور دانتوں سے اس کی ناک کا ایک حصہ کاٹ دیا۔
گھر والوں اور اہل محلہ نے دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے مانی چندر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔