سعودی قیادت میں یمنی فورسز نے 24 گھنٹوں کے دوران مغربی یمن کے ضلع الوازعیہ میں فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں انصار اللّٰہ کے 30 جنگجوؤں کو ہلاک اور 60 کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترک خبر ایجنسی کے مطابق ان آپریشنز کے دوران حوثیوں کی متعدد گاڑیوں کو بھی نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں سعودی طیاروں نے یمن کے مغربی علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 54 فضائی حملے کرکے حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان فضائی حملوں میں 3 ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز متاثر ہوئے اور 1 شخص ہلاک ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنی فضائی حدود میں سعودی عرب کو نمایاں برتری حاصل ہے کیونکہ حوثیوں کے پاس مؤثر فضائیہ یا مضبوط فضائی دفاعی نظام موجود نہیں ہے۔
سعودی عرب نے اپنی فضائی حدود سے لے کر مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے جدید دفاعی نظام کی متعدد پرتیں قائم کر رکھی ہیں، جن میں پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم، جدید ریڈارز، میزائل لانچرز اور اورلیکن 35 ملی میٹر اینٹی ایئر کرافٹ گنز شامل ہیں، جبکہ ماضی میں مکہ مکرمہ کی جانب بڑھنے والے ایک حوثی ڈرون کو بھی سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔