افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ بات چیت اور تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے اور پاک افغان تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب کی ثالثی کی کوششوں کا احترام کرتا ہے۔
عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو توقع ہے کہ سعودی عرب دونوں ممالک کا دوست ہونے کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرے گا اور اس معاملے میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکام ثالثی کی کوششیں مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجود مسائل کے حل میں مدد کریں گے۔