امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے ہونے والی تجارتی سرگرمیاں گزشتہ 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران خام تیل، کارگو اور مائع قدرتی گیس کی نقل و حمل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران آبنائے ہرمز سے ایک ارب بیرل سے زائد تیل کی نقل و حمل میں معاونت کی گئی، جبکہ امریکی فوج نے اس دوران آبنائے سے گزرنے والے 2 ہزار سے زائد تجارتی جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کی۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز اب بارودی سرنگوں سے پاک ہے اور امریکی فوج خطے میں اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شراکت دار ممالک کے فضائی دفاع کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ ڈرونز سے نمٹنے اور دفاعی صلاحیت میں اضافے کیلیے ایک نیا مشترکہ یونٹ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔