ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے آبنائے ہرمز کے اوپر ایک اور امریکی ایم کیو ون ڈرون کو مار گرایا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈرون کو نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکا گیا اور بعد ازاں تباہ کردیا گیا۔
ایرانی بیان میں ڈرون کو امریکی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کارروائی آبنائے ہرمز کے اوپر کی گئی، تاہم امریکا کی جانب سے ڈرون گرائے جانے کے ایرانی دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
رپورٹ کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات بھی تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔ آبنائے ہرمز میں یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان علاقائی کشیدگی برقرار ہے اور اہم بحری گزرگاہ کے اطراف فوجی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔