’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کا الزام اور ہبت اللہ اخونزادہ سمیت چار طالبان رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری: ’افغانستان کسی آئی سی سی کو تسلیم نہیں کرتا‘

بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ کیوں جاری کیے اور ان پر کیا الزامات ہیں؟

بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے طالبان کی اعلیٰ قیادت سے تعلق رکھنے والے چار افراد بشمول امیر ہبت اللہ اخونزادہ کے خلاف جاری کیے گئے گرفتاری کے وارنٹ منظرِ عام پر لاتے ہوئے ان پر افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ظلم و ستم کا الزام عائد کیا ہے۔ دوسری جانب طالبان حکام نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کسی بین الاقوامی فوجداری عدالت کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ اس کے کسی فیصلے کو کوئی اہمیت دیتا ہے۔

سوموار کے روز آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک فیصلے میں عدالت کے ججوں نے طالبان کے امیر ہبت اللہ اخوندزادہ اور چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی کے خلاف جولائی 2025 میں جاری وارنٹ عام کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ حبیب اللہ آغا اور ندا محمد ندیم کے خلاف جاری وارنٹس بھی منظرِ عام پر لائے گئے ہیں۔

یہ چاروں وارنٹ جولائی اور ستمبر 2025 کے درمیان جاری کیے گئے تھے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ اس بات کے معقول شواہد موجود ہیں کہ چاروں افراد انسانیت کے خلاف جرائم کے احکامات دینے، اس کی ترغیب دینے یا اس کی حوصلہ افزائی کرنے کے مجرمانہ طور پر ذمہ دار ہیں۔ یہ آئی سی سی کے بنیادی معاہدے، روم اساس نامے (Rome Statute) کی دفعہ 7(1)(h) کے تحت انسانیت کے تحت جرم قرار ہیں۔

afghanistan
Getty Images

آئی سی سی وارنٹس میں کیا کہا گیا ہے؟

طالبان حکام پر عائد الزامات میں صنف کی بنیاد پر ظلم، بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں اور منظم اور ادارہ جاتی بنیاد پر پہنچایا جانے والا نقصان بھی شامل ہے۔

صنفی بنیاد پر ظلم

آئی سی سی کے مطابق یہ ظلم و ستم لڑکیوں، خواتین اور ان دیگر افراد کے خلاف صنف کی بنیاد پر روا رکھا گیا جو طالبان کی موجودہ حکومت کی صنف، صنفی شناخت یا اس کے اظہار سے متعلق پالیسیوں کے مطابق نہیں تھے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد کو بھی سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا گیا جنھیں ’لڑکیوں اور خواتین کا حامی‘ سمجھا جاتا تھا۔

عدالت کے مطابق یہ جرائم افغانستان میں 15 اگست 2021، جب طالبان نے اقتدار سنبھالا، سے لے کر کم از کم 20 جنوری 2025 تک کیے جاتے رہے۔

بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں

ججوں نے قرار دیا کہ طالبان نے ایسی پالیسی نافذ کی جس کے نتیجے میں شہری آبادی کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں۔

عدالت نے کہا کہ اگرچہ طالبان کے بعض قواعد و ضوابط سب پر لاگو ہوتے تھے، لیکن لڑکیوں اور خواتین کو خاص طور پر ان کی جنس کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔

حکمناموں اور فتووں کے ذریعے انھیں تعلیم، نجی اور خاندانی زندگی کے حق کے علاوہ نقل و حرکت، اظہارِ رائے، فکر، ضمیر اور مذہب کی آزادی جیسے حقوق سے بڑی حد تک محروم کر دیا گیا۔

دیگر افغان شہریوں کو بھی اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ ان کی جنسی یا صنفی شناخت کے بعض اظہار کو طالبان کی پالیسی کے منافی سمجھا جاتا تھا۔

ججوں نے یہ بھی قرار دیا کہ جن افراد کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا کہ وہ لوگ ان پالیسیوں کے مخالف ہیں، انھیں بھی سیاسی مخالفین کے طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ان میں وہ افراد بھی شامل تھے جنھیں 'لڑکیوں اور خواتین کے حامی' قرار دیا گیا تھا۔

منظم اور ادارہ جاتی نقصان

آئی سی سی کی جانب سے جاری وارنٹس میں ججوں نے کہا کہ روم اساس نامے میں صنف کی تعریف محض حیاتیاتی جنس تک محدود نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون میں حالیہ پیش رفت کے مطابق اس کا دائرہ اس سے وسیع ہے۔

انھوں نے کہا کہ صنف کی بنیاد پر ظلم و ستم کا جائزہ لیتے وقت ان سماجی رویوں اور درجہ بندیوں کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے جو روایتی طور پر لوگوں سے ان کی جنس کی بنیاد پر منسلک کی جاتی ہیں اور جنھیں عام طور پر صنفی اقدار یا معیارات کہا جاتا ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے ظلم و ستم میں صرف براہِ راست تشدد ہی شامل نہیں بلکہ منظم اور ادارہ جاتی سطح پر پہنچایا جانے والا نقصان بھی شامل ہے، جن میں امتیازی سماجی اقدار اور اصولوں کا نفاذ بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کے پراسیکیوٹر نے 23 جنوری 2025 کو ابتدائی دو وارنٹس کے لیے درخواست دی تھی، جبکہ ججوں نے اسی سال 8 جولائی کو یہ وارنٹس جاری کر دیے تھے۔ ابتدائی طور پر انھیں متاثرین اور گواہوں کے تحفظ اور عدالتی کارروائی کے مفادات کی خاطر خفیہ رکھا گیا تھا، تاہم عدالت نے ان کے وجود کی تصدیق کر دی تھی۔

اس وقت آئی سی سی کے پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ طالبان کی مزید اعلیٰ قیادت کے خلاف بھی ایسی درخواستیں دائر کی جائیں گی۔

Zabiullah
AFP via Getty Images

’بین الاقوامی فوجداری عدالت نامی کسی عدالت کو تسلیم نہیں کرتے‘

افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان حکومت نے آئی سی سی کی جانب سے اس کی اعلیٰ قیادت کے خلاف وارنٹ جاری کیے جانے کی مذمت کی ہے۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ’افغانستان بین الاقوامی فوجداری عدالت نامی کسی عدالت کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی اس کے کسی فیصلے کو کوئی اہمیت دیتا ہے۔‘

ایکس پر جاری ایک بیان میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ’افغانستان کی اسلامی امارت کے رہنماؤں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس کی بنیاد پر کسی عدالت کی جانب سے ان کی گرفتاری یا انھیں سزا دی جائے۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ ان کی حکومت ’انٹیلی جنس اداروں اور نام نہاد عدالتوں کے بجائے اسلامی شریعت اور اس کی عدالتوں کے احکام کو مانتے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’افغانستان توقع کرتا ہے کہ ایسے ادارے اپنی ساکھ اور وقار برقرار رکھنے کے لیے اپنے حدودِ اختیار اور ذمہ داری سے تجاوز کرنے سے گریز کریں گے۔‘

Haibatullah Akhundzada
AFP via Getty Images

کن افراد کے خلاف وارنٹ جاری کیے گئے؟

2016 میں طالبان کے سربراہ بننے والے ملا ہبت اللہ اخونزادہ کے متعلق اندازے لگائے گئے ہیں کہ اُن کی عمر 70 برس سے زیادہ ہے اور وہ نہ صرف دنیا کے لیے بلکہ افغان شہریوں کے لیے بھی ایک پراسرار شخص ہیں۔ اگر آپ انٹرنیٹ پر اُن کی تصویر ڈھونڈنا چاہیں گے تو آپ کو صرف دو تصاویر ملیں گی۔ ان میں سے سب سے زیادہ مقبول ایک پاسپورٹ سائز تصویر ہے جو 1990 میں بنائی گئی تھی۔

طالبان کی جانب سے انھیں امیر مقرر کیے جانے کے بعد بی بی سی کی ایک رپورٹ کے لیے افغان امور کے ماہر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی نے بتایا تھا کہ ملا ہبت اللہ افغان طالبان کی 1994 میں قندہار سے شروع ہونے والی تحریک کے 33 ارکان کا حصہ نہیں تھے۔

انھوں نے کہا کہ ملا ہبت اللہ اصل میں ایک مذہبی رہنما ہیں جن کا جنگی تجربہ کم ہے لیکن طالبان میں دھڑے بندیوں کے باعث ایک مذہبی رہنما کو سربراہ مقرر کیا گیا تاکہ زیادہ لوگوں کو اعتراض نہ ہو۔

ملا ہبت اللہ طالبان کی جنگی کارروائیوں کے حق میں فتوے جاری کرتے رہے ہیں۔ وہ 2001 سے قبل افغانستان میں قائم طالبان کی حکومت میں عدالتوں کے سربراہ بھی رہے ہیں۔

سنہ 2023 میں عوام کی نظروں سے اوجھل رہنے والے ہبت اللہ اخونزادہ کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے بی بی سی نے ان کی تقاریر اور جاری کیے گئے احکامات کا جائزہ لیا تھا: دنیا کی نظروں سے دور اور پراسراریت کے پردے میں لپٹے افغانستان کے رہبرِ اعلیٰ ہیبت اللہ اخونزادہ کیا سوچتے ہیں؟

عبدالحکیم حقانی

امریکہ میں قائم تھنک ٹینک مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق شیخ عبدالحکیم حقانی اکتوبر 2021 سے طالبان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہیں۔ طالبان تحریک کے بانی رہنماؤں میں شمار کیے جانے والے حقانی کو تنظیم کے اندر سب سے بااثر مذہبی رہنماؤں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

وہ طالبان کی اہم قیادت، جن میں بانی رہنما ملا محمد عمر اور موجودہ امیر ملا ہبت اللہ بھی شامل ہیں، کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے ہیں۔ طالبان کے مذہبی فتاویٰ اور پالیسیوں کی تشکیل میں بھی ان کا نمایاں اثر و رسوخ ہے۔

مولوی حبیب اللہ آغا

مولوی حبیب اللہ آغا ایک ممتاز مذہبی عالم ہیں جنھیں 20 ستمبر 2022 کو طالبان کا وزیرِ تعلیم مقرر کیا گیا۔ اس عہدے پر تعیناتی سے قبل وہ صوبہ قندھار میں طالبان کی علما کونسل کے صوبائی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 1980 میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد انھوں نے پاکستان کے مقامی مدارس میں تدریس کی اور 1994 میں طالبان تحریک کے قیام کے کچھ ہی عرصے بعد اس میں شامل ہو گئے۔

1990 کی دہائی میں طالبان کے پہلے دورِ حکومت کے دوران وہ صوبہ قندھار کی ابتدائی عدالت میں دیوانِ تعزیرات کے سربراہ کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔

ندا محمد ندیم

شیخ ندا محمد ندیم ایک تجربہ کار طالبان کمانڈر اور سخت گیر مذہبی رہنما سمجھے جاتے ہیں۔ انھیں 16 اکتوبر 2022 کو افغانستان کا اعلیٰ تعلیم کا وزیرِ مقرر کیا گیا۔

امریکی تھنک ٹینک مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اس سے قبل وہ فروری 2022 سے اکتوبر 2022 تک صوبہ کابل کے گورنر رہے، جبکہ اکتوبر 2021 سے فروری 2022 تک صوبہ ننگرہار کے پولیس سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ پر شائع معلومات کے مطابق شیخ ندا محمد ندیم کو طالبان کے امیر کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کے القاعدہ اور دیگر غیر ملکی جہادی گروہوں کے ساتھ بھی طویل عرصے سے روابط رہے ہیں۔

وہ اس وقت قندھار میں ایک مدرسے کی نگرانی بھی کر رہے ہیں، جس کی بنیاد انھوں نے 2015 میں رکھی تھی۔

ندا محمد ندیم ان طالبان رہنماؤں میں شامل ہیں جن پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مبینہ کردار کے باعث یورپی یونین پابندیاں عائد کر چکی ہے۔

ان گرفتاری وارنٹس کا کیا اثر ہو گا؟

برطانیہ سمیت کل 124 ممالک آئی سی سی کے دستخط کنندگان ہیں تاہم ان میں امریکہ، روس، چین اور اسرائیل شامل نہیں ہیں۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ تکنیکی اعتبار سے اگر یہ افراد آئی سی سی کے دستخط کنندگان ممالک میں سے کسی بھی ملک میں قدم رکھتے ہیں تو انھیں وہاں سے گرفتار کر کے عدالت کے حوالے کیا جانا چاہیے۔

’اثرات صرف افغانستان تک محدود نہیں ہوں گے‘

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سینیئر ڈائریکٹر ایریکا گویوارا روزاس نے آئی سی سی کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ظلم، صنفی شناخت یا اس کے اظہار کی وجہ سے نشانہ بنائے جانے والے افراد، اور ان کے حامی سمجھے جانے والوں کے خلاف ظلم و ستم کو بھی تسلیم کیا ہے۔

’اس فیصلے کی اہمیت صرف افغانستان تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات اس سے کہیں وسیع ہیں۔ 'صنفی امتیاز پر مبنی نظام مردانہ بالادستی کی ایک انتہائی شکل ہے، جس کا مقصد خواتین کی زندگیوں، ان کے جسم، آواز اور مستقبل پر کنٹرول قائم کرنا ہوتا ہے۔‘

اقوام متحدہ کے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے رچرڈ بینیٹ نے اسے ایک ’نہایت اہم فیصلہ‘ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’صرف اضافی گرفتاری وارنٹس ہی اہم نہیں بلکہ صنف کی بنیاد پر ظلم و ستم کے بارے میں عدالت کا تجزیہ اور طالبان کی پالیسیوں اور طرزِ عمل پر اس کا اطلاق بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US