سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر حوثیوں کے حملوں کے باعث فضائی آپریشن محدود ہونے سے پاکستان میں بھی پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 114 پروازیں منسوخ یا نان آپریشنل رہیں، جبکہ 77 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق تکنیکی وجوہات کی بنا پر کراچی سے روانہ ہونے والی سات پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ان میں کراچی سے کوالالمپور جانے والی ایئر پلین کی پرواز ڈی سیون 109، بینکاک جانے والی تھائی ایئرویز کی پرواز ٹی جی 342، دبئی جانے والی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 110 اور ایمریٹس کی پرواز ای کے 609 شامل ہیں۔
اسی طرح کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پروازیں پی ایف 125 اور پی ایف 143 جبکہ کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 بھی منسوخ کردی گئیں۔
دوسری جانب ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پاکستان سے ریاض جانے والی مزید 28 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ شیڈول کے مطابق ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا۔
پی آئی اے نے ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ایئرپورٹ کے لیے روانہ کردیا۔ اس کے علاوہ کراچی سے جدہ جانے والی دو پروازیں جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک، ایک پرواز بھی منسوخ کردی گئی۔
لاہور سے مدینہ جانے اور آنے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
ملکی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر رہا۔ لاہور سے اسکردو جانے والی چار پروازیں ڈھائی سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ کراچی سے لاہور جانے والی پانچ پروازوں میں تین سے آٹھ گھنٹے اور کراچی سے اسلام آباد آنے والی سات پروازوں میں ایک سے پانچ گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایئرپورٹس پر آنے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ ترین صورت حال کی تصدیق کرلیں۔