پشاور اسکول سانحہ: ایک ہی خاندان کے 3 بچوں کی موت، ننھے عماد کی بہن ملبے سے زندہ نکل آئی

image

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے نے کئی خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین بچوں کی اموات کی خبر سامنے آئی ہے جبکہ دوسری جماعت کا طالب علم عماد بھی جاں بحق ہوگیا تاہم اس کی بہن کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔

متوفی بچوں کے چچا نے بتایا کہ ان کے گھر کے تین بچے حادثے کا شکار ہوئے جن میں سے دو کی لاشیں مل چکی ہیں جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے کئی بچے بھی لاپتہ ہیں۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اسکول کے مالک کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب حادثے میں جاں بحق ہونے والے کمسن عماد کے والد نے بتایا کہ وہ صبح اپنے بچوں کو اسکول بھیج کر کام پر چلے گئے تھے، جہاں انہیں گھر سے فون آیا کہ اسکول کی چھت گر گئی ہے۔

والد کے مطابق عماد دوسری جماعت میں پڑھتا تھا جبکہ اس کی بہن تیسری جماعت کی طالبہ ہے۔ حادثے کے دوران دونوں بچے اسکول میں موجود تھے، تاہم خوش قسمتی سے ان کی بیٹی کو ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لیا گیا جبکہ عماد جانبر نہ ہوسکا۔

بیٹے کی اچانک موت پر والدین شدید صدمے میں ہیں اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ متاثرہ خاندانوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US