پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون کے سلسلے میں مشترکہ فوجی مشق ’’قراقرم 2026‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب چین کے صوبے سنکیانگ کے شہر کورلا میں منعقد ہوئی۔
مشترکہ فوجی مشق میں دونوں ممالک کی افواج مختلف فوجی آپریشنز، جدید جنگی مہارتوں اور باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ مشق کے دوران ڈرون آپریشنز، دورانِ حرکت اہداف کی نشاندہی اور فائرنگ کی خصوصی تربیت پر توجہ دی جا رہی ہے۔
مشق کے اہم مراحل میں طویل فاصلے سے نشانہ بازی، مشترکہ کمانڈ کے تحت کارروائیاں اور عملی جنگی مشقیں بھی شامل ہیں، جن کا مقصد شریک فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ آپریشنز کی استعداد کو بہتر بنانا ہے۔
پاک چین مشترکہ فوجی مشق ’’قراقرم 2026‘‘ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تربیتی تعاون، تجربات کے تبادلے اور عملی ہم آہنگی کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے۔