اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رکھنے کا اعلان، اوقات کار جاری

image

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس کی مین پائپ لائن میں لیکیج کی مرمت کے باعث گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے متاثرہ علاقوں اور گیس کی بندش کے اوقات کار سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

سوئی ناردرن کے مطابق غوری ٹاؤن، فیض آباد بائی پاس روڈ، ہائی اسٹیٹ روڈ (کھنہ پل سے بارہ موڑ تک)، سوان گاؤں، گلبرگ ٹاؤن، شکریال، رحمن گارڈن، برما ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی پیر 19 اکتوبر کی رات 9 بجے سے منگل 20 اکتوبر کی صبح 6 بجے تک معطل رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون، بلیو ایریا اور ان کے ملحقہ علاقوں میں بھی گیس کی عارضی بندش ہوگی۔ ان علاقوں میں پیر 19 اکتوبر کی رات 10 بجے سے منگل 20 اکتوبر کی صبح 6 بجے تک گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔

سوئی ناردرن نے متاثرہ علاقوں کے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس کی بندش کے دوران ممکنہ مشکلات سے بچنے کے لیے پہلے سے متبادل انتظامات کرلیں۔

گیس کمپنی نے مزید ہدایت کی ہے کہ فراہمی معطل ہونے کے دوران گیس کے تمام آلات بند رکھے جائیں تاکہ گیس کی بحالی کے وقت کسی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US