اوگرا کے نوٹیفکیشن پر پٹرولیم ڈیلرز کا احتجاج، 14 ہزار ڈیلرز متاثر ہونے کا خدشہ

image

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نوٹیفکیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ سینیٹر رانا محمود الحسن کو خطوط ارسال کردیے ہیں، جن میں معاملے پر فوری مداخلت اور نوٹیفکیشن کا ازسرنو جائزہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدابخش نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اوگرا کے فیصلے سے ملک بھر میں تقریباً 14 ہزار پٹرولیم ڈیلرز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقین کا فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ ڈیلرز کے تحفظات دور کیے جاسکیں۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سینیٹر رانا محمود الحسن کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں آئل مارکیٹنگ کمپنی تبدیل کرنے کے لیے موجودہ کمپنی سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنے کی شرط پر تفصیلی وضاحت اور نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط کے مطابق اوگرا نے 5 اگست کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں قرار دیا تھا کہ لیز معاہدہ ختم ہونے کے بعد اگر کوئی پٹرول پمپ دوسری آئل مارکیٹنگ کمپنی کے ساتھ منسلک ہونا چاہے تو اسے موجودہ کمپنی سے این او سی لینا لازمی ہوگا۔

ملک خدابخش کا کہنا ہے کہ این او سی کی یہ شرط متعلقہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھی، اس لیے اچانک اس نوعیت کا فیصلہ سامنے آنا حیران کن اور تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق نوٹیفکیشن کے بعد ملک بھر کے پٹرولیم ڈیلرز میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

چیئرمین ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ کمپنی سے این او سی لازمی قرار دینے کے فیصلے کی قانونی حیثیت واضح ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ قانونی شقوں کا جائزہ لیا جائے، اداروں کے دائرہ اختیار کی وضاحت کی جائے اور کسی مزید کارروائی سے قبل اس معاملے کا جامع جائزہ لیا جائے۔

ملک خدابخش کے مطابق پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن فی الحال اس شرط کی قانونی حیثیت تسلیم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لے کر واضح فیصلہ کیا جائے تاکہ پٹرولیم ڈیلرز کو درپیش خدشات کا ازالہ ہوسکے۔

ایسوسی ایشن نے چیئرمین سینیٹ اور متعلقہ قائمہ کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے اوگرا کے نوٹیفکیشن کی وضاحت اور نظرثانی کو یقینی بنایا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US