دبئی انویسٹمنٹس نے اپنی ذیلی کمپنی ڈی آئی پی ہولڈنگ کے 20 فیصد حصص فروخت کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے جس کے تحت ایک ارب 74 کروڑ حصص سرمایہ کاروں کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ ایران جنگ کے باعث خلیجی خطے میں آئی پی اوز کی سرگرمیاں سست ہونے کے بعد یہ رواں سال متحدہ عرب امارات کی پہلی ابتدائی عوامی پیشکش ہوگی۔
کمپنی کے مطابق حصص کی فروخت 27 اکتوبر سے 3 نومبر تک متوقع ہے، جبکہ دبئی فنانشل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا آغاز تقریباً 11 نومبر کو ہوسکتا ہے۔ ڈی آئی پی ہولڈنگ دبئی انویسٹمنٹس پارک کے صنعتی، تجارتی اور رہائشی منصوبوں کی مالک ہے، جو 2 کروڑ 30 لاکھ مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور جہاں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں۔
ایل ایس ای جی کے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے پہلے نو ماہ میں مشرقِ وسطیٰ اور افریقا میں حصص کے اجرا کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 79 فیصد کم ہوکر 2.3 ارب ڈالر رہ گئی۔ دبئی انویسٹمنٹس کے مطابق فروخت کیے جانے والے حصص موجودہ حصص ہیں، اس لیے آئی پی او سے ڈی آئی پی ہولڈنگ کو براہِ راست کوئی رقم حاصل نہیں ہوگی۔