روایتی پاسپورٹ کا دور ختم ، اب صرف ای پاسپورٹس جاری ہوں گے

image

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں روایتی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (ایم آر پی) کے اجرا اور جدید ای پاسپورٹ نظام کے مکمل نفاذ کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب 23 اکتوبر 2026 سے نئے پاسپورٹس کا اجرا صرف ای پاسپورٹ کی صورت میں کیا جائے گا۔

حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق 22 اکتوبر 2026 تک ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں روایتی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کے اجرا اور تجدید کا عمل جاری رہے گا۔ تاہم، 23 اکتوبر سے نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو صرف ای پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ یہی پالیسی بیرونِ ملک قائم پاکستانی سفارتی مشنز پر بھی لاگو ہوگی۔

امیگریشن حکام نے شہریوں کی تشویش دور کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 23 اکتوبر سے پہلے جاری کیے گئے روایتی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس منسوخ نہیں ہوں گے بلکہ اپنی درج شدہ میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔ جن شہریوں کے پاس پہلے سے درست ایم آر پی پاسپورٹس موجود ہیں، انہیں میعاد ختم ہونے سے قبل فوری طور پر نیا ای پاسپورٹ بنوانے یا موجودہ پاسپورٹ تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق روایتی پاسپورٹس سے جدید ای پاسپورٹ نظام کی جانب منتقلی کا مقصد پاکستان کی سفری دستاویزات کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ نئے نظام سے پاسپورٹس کی سیکیورٹی، ذاتی معلومات کے تحفظ اور دستاویزی نظام کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی شہریوں کے لیے بین الاقوامی سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنانا بھی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاسپورٹ بنوانے یا تجدید کے لیے درخواست دیتے وقت نئی تاریخ اور متعلقہ پالیسی کو مدنظر رکھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US