راولپنڈی تھانہ مورگاہ کی حدود میں نجی کلینک میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے کمسن بچی جنت فاطمہ جاں بحق ہوگئی، پولیس نے ڈاکٹر یونس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ بچی کے چچا توقیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر یونس کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق جنت فاطمہ کو طبیعت خراب ہونے پر علاج کے لیے نجی کلینک لایا گیا تھا، جہاں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے بعد بچی زمین پر گر پڑی، اس کا رنگ سیاہ پڑ گیا اور منہ سے جھاگ نکلنے لگی۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر یونس نے بعد ازاں بچی کے اہل خانہ کو اسے دوسرے اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا، جس پر اسے بینظیر بھٹو اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔