عالمگیر شہرت کے حامل فٹبالر لیونل میسی کو اسپین کے باوقار ’پرنسز آف آسٹوریاس ایوارڈ 2026ء‘ سے نواز دیا گیا ہے۔
ایوارڈ کی تقریب اسپین کے شمالی علاقے آسٹوریاس کے دارالحکومت اوویئدو میں منعقد ہوئی، جہاں اسپین کی ولی عہد شہزادی لیونور نے میسی کو یہ اعزاز پیش کیا۔ 1981ء میں قائم ہونے والے اس ایوارڈ کے تحت فنون، سائنس، کھیل اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات پر 50 ہزار یورو کی رقم دی جاتی ہے۔
جیوری نے جون میں میسی کا انتخاب ان کے شاندار فٹبال کیریئر اور مستحق بچوں کے لیے صحت و تعلیم کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں کیا تھا۔
تقریب میں ارجنٹینا کی جرسی پہنے مداحوں نے روایتی موسیقی اور ڈھول کی تھاپ پر ان کا پرجوش استقبال کیا۔ شہزادی لیونور نے میسی کے کیریئر کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر معمولی کارکردگی کو معمول بنایا، فوری فیصلے کرنے کی صلاحیت دکھائی اور انفرادی شہرت پر ٹیم ورک کو ترجیح دی۔
لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے 21 سال ہسپانوی کلب بارسلونا کے ساتھ گزارے، پھر 2 سال پیرس سینٹ جرمین میں کھیلے اور اس وقت وہ امریکی لیگ میجر لیگ سوکر کے کلب انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 8 مرتبہ بیلن ڈی اور اور 2022ء کا فیفا ورلڈ کپ جیتنے والے میسی کو فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔