سہ ملکی ون ڈے سیریز: شاداب خان کی شاندار سنچری، پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

image

پاکستان کے سابق وائٹ بال کپتان اور سینئر آل راؤنڈر شاداب خان کی کیریئر کی پہلی ون ڈے سنچری کی بدولت پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ سیریز میں سری لنکا تیسری ٹیم ہے۔

دو سو بیالیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن شدید مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنر فخر زمان دس اور صائم ایوب چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم بھی 10 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ سعد بیگ نے 32، سلمان علی آغا نے 26 اور حسن نواز نے 15 رنز بنائے، تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کی وجہ سے میزبان ٹیم کے لیے فتح دشوار نظر آ رہی تھی۔

ایسی صورتحال میں شاداب خان نے 96 گیندوں پر 113رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جس میں 13چوکے اور 5چھکے شامل تھے۔ انہوں نے آخری وکٹ کے لیے حارث رؤف (7 رنز ناٹ آؤٹ) کے ساتھ 49 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کو فتح دلائی۔ شاداب نے 47ویں اوور میں پندرہ رنز حاصل کیے جس کے بعد حارث رؤف نے 48ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر میچ کا خاتمہ کر دیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بن ڈکٹ کی شاندار سنچری کی بدولت فائٹنگ ٹوٹل ترتیب دیا۔ انگلینڈ کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 52رنز پر گر گئی تھیں، جس کے بعد بن ڈکٹ اور سیم کرن کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بن ڈکٹ نے 111گیندوں پر 10چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے۔ سیم کرن نے 42 اور گس اٹکنسن نے 36 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 66 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اس کے ساتھ ہی وہ اسی میچوں میں ون ڈے کیریئر کی 150 وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین پاکستانی بولر بن گئے۔ ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ نے ہیری بروک کو رن آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف نے بھی وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے بولنگ میں جیمی اوورٹن نے 43 رنز کے عوض 3، لیام ڈاوسن نے 30رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گس اٹکنسن اور ڈیبیو کرنے والے ہنری کروکومب نے بھی وکٹیں حاصل کیں۔

اس شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات کو شدید دھچکا لگا ہے، کیونکہ اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے بھی 430رنز کا ہدف حاصل کر کے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US