اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس میں 950 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس اضافے کے فیصلے کے بعد خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں کاروبار کے ابتدائی منٹوں میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 950 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروباری سیشن کے دوران صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 959.08 پوائنٹس یا 0.59 فیصد اضافے کے ساتھ 163,997.54 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سمیت اہم شعبوں کے حصص میں خریداری دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز پیر کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کے باوجود بحالی کا رجحان رہا تھا۔ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے فیصلے سے قبل سرمایہ کار پالیسی ریٹ میں متوقع اضافے کے پیشِ نظر محتاط انداز میں سرمایہ کاری کرتے رہے۔پیر کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 663.59 پوائنٹس یا 0.41 فیصد اضافے کے ساتھ 163,038.47 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US