پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پچھلے تین روز سے جاری منفی اختتام کی لہر ٹوٹ گئی ہے، جہاں کاروباری حجم کم رہنے کے باوجود انڈیکس میں 663 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
نئے کاروباری ہفتے کا آغاز اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرح سود میں اضافے کے اندیشوں کے باعث منفی رجحان سے ہوا، جس سے انڈیکس ایک موقع پر 1,000 سے زائد پوائنٹس گر کر 1,61,250 پوائنٹس پر آ گیا۔ تاہم، بعد میں خریداری کی لہر آنے سے مارکیٹ سنبھل گئی اور کاروبار کا اختتام 1,63,038 پوائنٹس پر ہوا۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ حصص بازار میں یہ مثبت تبدیلی جیو پولیٹیکل حالات میں بہتری کی خبروں کی وجہ سے دیکھنے میں آئی۔
دن بھر کے دوران 37 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 16 ارب روپے رہی، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 46 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 18 ہزار 61 ارب روپے تک پہنچ گئی۔